ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، بھارت کی فتح کی کوشش ناکام رہی۔ مچل اور فلپس نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے میچ بچا لیا۔
ویلنگٹن (لارڈ میڈیا): بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویلنگٹن ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔ بھارت نے آخری روز میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن بیسن ریزرو کی بے جان پچ پر نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے میچ بچا لیا۔ بھارتی ٹیم کو آخری روز کامیابی کے لیے آٹھ وکٹیں درکار تھیں، لیکن پچ پر بولرز کو خاطر خواہ مدد نہیں ملی۔ واشنگٹن سندر نے ڈیون کونوے کو آؤٹ کیا جبکہ پراسیدھ کرشنا نے راچن رویندرا اور انشل کمبوج نے ٹام بلنڈل کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تاہم ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 اوورز تک بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مچل نے 186 گیندوں پر ناقابلِ شکست 49 جبکہ فلپس نے 126 گیندوں پر 26 رنز کی شاندار دفاعی اننگز کھیل کر بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ اس ڈرا کے نتیجے میں بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل تک رسائی کی امیدوں کو مزید دھچکا لگ گیا جبکہ نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگیا۔





















