پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال، نوٹیفکیشن جاری

گورنر خیبر پختونخوا نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

لارڈمیڈیا
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال، نوٹیفکیشن جاری

پشاور (لارڈ میڈیا) پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے دوبارہ ‘ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم’ رکھ دیا گیا ہے۔ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسٹیڈیم کا سابقہ نام بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز پشاور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے بتایا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھا تھا، تاہم اب اس کا سابقہ نام دوبارہ بحال کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے فروری 2025 میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے پر مرحوم ارباب نیاز محمد کے اہل خانہ اور سیاسی شخصیات کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے تھے۔

تنازع کے باوجود تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت 6 اپریل 2025 کو اسٹیڈیم میں عمران خان کے نام کی نئی تختی نصب کردی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خود عمران خان نے بھی صوبائی حکومت کو اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر اس وقت کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر عمران خان سے بات کریں گے۔

سنہ 1984 میں تعمیر ہونے والے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور یہ خیبر پختونخوا کے بڑے کرکٹ گراؤنڈز میں شمار ہوتا ہے۔ تاہم اسٹیڈیم میں 2006 کے بعد کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ یہاں آخری مرتبہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوا تھا۔

گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونے جا رہی ہے جب کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین پاکستانی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ایک سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں