پاک بھارت میچ میں پاکستانی کپتان کی حاضر دماغی پر ٹاس کا فیصلہ تبدیل

پاکستانی کپتان عبدالصمد کی حاضر دماغی سے ٹاس کا فیصلہ تبدیل ہوا، پاکستان کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا۔

لارڈمیڈیا
پاک بھارت میچ میں پاکستانی کپتان کی حاضر دماغی پر ٹاس کا فیصلہ تبدیل

دوحہ (لارڈ میڈیا): پاکستان اور بھارت کی اے ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ میچ میں ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان عبدالصمد کی حاضر دماغی نے میچ ریفری کو ٹاس کا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔ ٹاس کے وقت عبدالصمد اور بھارتی کپتان تلک ورما میدان میں آئے۔ ریفری نے سکہ اچھالا تو عبدالصمد نے ‘ہیڈز’ کی کال دی، لیکن ریفری نے اسے ‘ٹیلز’ قرار دے دیا اور تلک ورما کو ٹاس کا فاتح قرار دیا۔ تاہم، عبدالصمد کی توجہ دلانے پر جب دوبارہ معائنہ کیا گیا تو ان کی بات درست نکلی اور پاکستان کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد عبدالصمد نے کہا کہ پچ خشک دکھائی دے رہی ہے اس لیے وہ پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام بلے باز اور بولرز پُراعتماد ہیں اور شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ انڈین کپتان تلک ورما نے کہا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے اور امید ہے کہ شائقین کے لیے یہ ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچوں کی فاتح الیون برقرار رکھی ہیں اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان شاہینز نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں جاری ہے، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان شاہینز دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں شریک ہے اور اس کا اگلا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں