سنگاپور کے دانشور کشور محبوبانی کے مطابق ایشیا میں ثقافتی خود اعتمادی کا اظہار تیز رفتار اقتصادی ترقی کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔
ایشیا میں "ثقافتی خود اعتمادی کا غیر معمولی اظہار” دیکھنے میں آ رہا ہے، سنگاپور کے دانشور کشور محبوبانی
سنگاپور(شِنہوا)سنگاپور کے اسکالر کشور محبوبانی کے مطابق اکیسویں صدی میں ایشیائی معاشروں میں اپنی ثقافت پر اعتماد کا غیر معمولی اظہار دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی ایک اہم وجہ ایشیا کی تیز رفتار اقتصادی ترقی ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے ایشیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ممتاز فیلو اور اقوام متحدہ میں سنگاپور کے سابق مستقل نمائندے کشور محبوبانی نے بیجنگ میں منعقد ہونے والے آرکڈ ایوارڈز میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل شِنہوا کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ حقیقت ہے کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران متعدد ایشیائی معاشروں کی نمایاں کامیابیوں کے باعث لوگوں کو زیادہ وقت اور ممالک کو زیادہ وسائل میسر آئے ہیں، جنہیں ثقافتی ترقی اور نشاۃِ ثانیہ کے لیے صرف کیا جا سکتا ہے۔
تیسرے 2026آرکڈ ایوارڈز کی تقریب جمعہ کے روز بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ چائنہ انٹرنیشنل کمیونیکیشنز گروپ کے زیر اہتمام قائم کیے گئے ان ایوارڈز کا مقصد ان غیر ملکی دوستوں کو اعزاز سے نوازنا ہے جنہوں نے چین اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں کردار ادا کیا ہے۔محبوبانی بھی اس سال ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
محبوبانی نے اس چیز کا مشاہدہ کیا ہے جسے انہوں نے "ایشیائی معاشروں کی ماضی کی ان ثقافتی شناختوں کی اچانک ازسرنو دریافت قرار دیا جو کبھی ان کے پاس ہوا کرتی تھیں۔”
انہوں نے اپنی پہنی ہوئی باتک قمیض کی مثال دی، جو انڈونیشیا کی روایتی باتک تکنیک سے تیار کی گئی تھی۔ باتک کپڑے جنوب مشرقی ایشیا میں بڑے پیمانے پر پہنے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’لباس کسی شخص کی شناخت کا پہلا اظہار ہوتا ہے۔ ماضی میں ہم مغربی طرز کا لباس پہننے کی کوشش کرتے تھے، لیکن اب ہم کہتے ہیں کہ نہیں، ہمارے اپنے لباس کے انداز ہیں اور ہم انہیں اپنا کر ترقی کر سکتے ہیں اور ان میں اختراع بھی لا سکتے ہیں۔‘‘
محبوبانی نے چند ماہ قبل بیجنگ کے ایک تاریخی عجائب گھر کے دورے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے اس عجائب گھر میں ہزاروں افراد کو دیکھا، جن میں عام چینی شہری بھی شامل تھے، جو چین کی عظیم ثقافت اور تہذیب کی تاریخ دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ مختلف معاشروں کو اپنے فیصلے خود کرنے اور اپنی ثقافتی راہوں پر چلنے کی آزادی ہونی چاہیے، بجائے اس کے کہ وہ محض مغرب کی تقلید کریں۔ ان کے مطابق بہت سے معاشرے پہلے ہی اپنے اپنے ترقیاتی راستے اختیار کرکے کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔






















