پاپوا نیو گنی کے وزیراعظم جیمز ماراپے نے تائی پے کے اقتصادی دفتر کو بند کرنے کے فیصلے کو قومی مفادات کے مطابق قرار دیا ہے۔
میلبورن(شِنہوا)پاپوا نیو گنی (پی این جی) کے وزیراعظم جیمز ماراپے نے کہا ہے کہ ملک میں تائی پے کے اقتصادی دفتر کو بند کرنے کا فیصلہ مکمل غور و خوض کے بعد آزادانہ طور پر کیا گیا اور یہ ایک-چین پالیسی سے ملک کی دیرینہ وابستگی اور قومی مفادات کے عین مطابق ہے۔
پاپوا نیو گنی کی حکومت نے 15 جولائی کو اس دفتر کو بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
مقامی اخبار پوسٹ کورئیر نے جیمز ماراپے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاپوا نیو گنی ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، ہم اپنی خارجہ پالیسی سے متعلق فیصلے اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتے ہیں۔
ماراپے نے کہا کہ پاپوا نیو گنی 1976 میں عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد سے ایک-چین پالیسی پر کاربند رہا ہے۔
ماراپے نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور پاپوا نیو گنی کے اہم ترین تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاپوا نیو گنی ایک-چین پالیسی پر کاربند رہے گا، چین کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنائے گا اور زراعت، ماہی گیری، جنگلات، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے گا۔






















