چین کی وزارت قومی دفاع نے کہا ہے کہ جاپان کی دائیں بازو کی قوتوں کے اقدامات عالمی نظام کو چیلنج دے رہے ہیں۔
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت قومی دفاع نے کہا ہے کہ جاپان کی دائیں بازو کی قوتوں کے اقدامات جنگِ عظیم دوم کے بعد قائم ہونے والے عالمی نظام کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں۔ یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے کہ جاپان اپنی نئی پالیسی میں چین کو بدستور اپنا سب سے بڑا تزویراتی چیلنج قرار دینے اور جوہری ہتھیاروں سے متعلق پابندیوں میں نرمی پر غور کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وزارت کے ترجمان چھن شی نے جمعہ کے روز کہا کہ جاپان، جو دوسری جنگ عظیم میں شکست خوردہ ملک تھا، اسے اپنی جارحیت اور جنگی جرائم کی تاریخ کا جائزہ لینا اور ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔
چھن نے کہا، ’’اس کے برعکس جاپان کی دائیں بازو کی قوتیں نام نہاد چین کے خطرے کے حوالے سے مسلسل من گھڑت بیانیہ تیار کر رہی ہیں اور جاپان کو مظلوم ملک کے طور پر پیش کرنے کے لیے حقائق کو مسخ کر رہی ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جاپان دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافہ، جارحانہ اور طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیتوں کو مضبوط اور اس سے بھی بڑھ کر جوہری ہتھیاروں سے متعلق پابندیوں میں بتدریج نرمی کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ان اقدامات کے ذریعے جاپان نے نہ صرف امن کے لیے اپنے عزم سے انحراف کیا ہے بلکہ جنگ کے بعد قائم ہونے والے عالمی نظام اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کی بالادستی کو بھی کھلا چیلنج دیا ہے۔‘‘
چھن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جاپان کی دوبارہ عسکری طاقت بننے کی کوششوں کے حوالے سے انتہائی چوکس رہے اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات کرے، جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام کو برقرار رکھے اور دنیا کے امن و سلامتی کا تحفظ کرے۔
یہ اطلاعات بھی ہیں کہ جاپانی حکومت اپنی قومی سلامتی کی حکمت عملی میں ترمیم کرکے تین غیر جوہری اصولوں میں استثنیٰ شامل کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت ہنگامی حالات میں جوہری ہتھیار جاپان میں لانے کی اجازت مل سکتی ہے۔






















