یورپی یونین کے رہنماؤں نے ڈبلن میں مصنوعی ذہانت اور یوکرین امن مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔
یورپی یونین رہنماؤں کا مصنوعی ذہانت اور یوکرین امن مذاکرات پر تبادلہ خیال کے لیے ڈبلن میں اجلاس
ڈبلن (شِنہوا) یورپی یونین (ای یو) کے رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، معاشی مسابقت اور یوکرین تنازع کے خاتمے کے لیے تازہ ترین سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے جمعہ کے روز ایک غیر رسمی سربراہی اجلاس آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں منعقد کیا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی زیر صدارت اور آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن کی میزبانی میں کنونشن سینٹر ڈبلن میں ہونے والے اس اجلاس میں یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے رہنما شریک ہوئے۔
یورپی کونسل کے مطابق یہ سربراہی اجلاس یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان مصنوعی ذہانت پر ہونے والا پہلا مخصوص تزویراتی مباحثہ ہے جس میں یورپ کی مسابقت مضبوط بنانے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں دوسروں پر انحصار کم کرنے اور اپنی اے آئی صلاحیتیں پیدا کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔
یورپی رہنماؤں کا عالمی مصنوعی ذہانت کے منظرنامے میں یورپ کی صورت حال پر فرانسیسی اے آئی کمپنی مسٹرال کے سی ای او آرتھر مینش کے ساتھ تبادلہ خیال بھی متوقع ہے۔ جبکہ نوبل انعام یافتہ جیفری ہنٹن مصنوعی ذہانت کے تحفظ، سائبر سیکیورٹی، روزگار اور معاشرے پر اس ٹیکنالوجی کے وسیع تر اثرات سے متعلق مباحثوں میں شریک ہوں گے۔
یوکرین تنازع اجلاس کا ایک اور اہم موضوع ہے۔ یورپی رہنما ابوظہبی میں حالیہ امن مذاکرات کا جائزہ لیں گے اور مذاکرات میں یورپ کے کردار پر بات چیت کریں گے، اس میں یورپی یونین کا مشترکہ مئو قف اپنانے اور یوکرین کو سلامتی کی ضمانتیں دینے کی کوششیں شامل ہیں۔
جمعہ کے روز منعقد ہونے والا یہ اجلاس جمعرات کو اسی مقام پر منعقدہ نویں یورپی پولیٹیکل کمیونٹی سربراہی اجلاس کا تسلسل ہے۔






















