چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے چین اور امریکہ کے دفاعی اداروں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے رابطے برقرار رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے دفاعی اداروں کے درمیان مختلف سطح پر مذاکرات کے حوالے سے رابطے برقرار ہیں۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان چھن شی نے یہ بات جمعہ کے روز دونوں ممالک کی افواج کے درمیان حالیہ رابطوں اور امریکی وزیر دفاع اور یو ایس پیسیفک کمانڈ کے کمانڈر کے جلد چین کے دورے کے امکان سے متعلق رپورٹس پر ایک سوال کے جواب میں کہی۔
چھن نے تصدیق کی کہ چین اور امریکا کی افواج کے درمیان بحران سے متعلق رابطوں اور روک تھام کے ورکنگ گروپ کا چوتھا اجلاس 2 اور 3 نومبر کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے صدور کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد، رابطوں کو مضبوط بنانے اور غلط فہمیوں و غلط اندازوں سے بچنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چھن نے کہا کہ چین اور امریکا کی افواج کے درمیان مستحکم، مثبت اور پائیدار تعلقات کا قیام دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور عالمی برادری کی مشترکہ توقعات کے مطابق ہے۔ چین امریکی فوج کے ساتھ تزویراتی رابطوں کو اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے صدور کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرے گا، رابطوں کو فروغ دے گا اور اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرے گا تاکہ چین اور امریکا کے درمیان تعمیری تعلقات کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکے۔






















