آسٹریلوی ماہر معاشیات پیٹر ڈرائیزڈیل نے ایشیا بحرالکاہل برادری کو دنیا کے لئے روشن مثال بننے کی ضرورت پر زور دیا۔
کینبرا (شِنہوا) آسٹریلیا کے معروف ماہر معاشیات پیٹر ڈرائیزڈیل نے کہا ہے کہ ایشیا بحرالکاہل برادری کو دنیا میں اپنا ایک مقام بنانا چاہیے تاکہ دنیا کے دیگر خطوں کے لئے روشن مثال بن سکے۔
آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے کرافورڈ سکول آف پبلک پالیسی میں مشرقی ایشیا کے اقتصادی تحقیقاتی ادارے اور ایسٹ ایشیا فورم کے سربراہ ڈرائیزڈیل نے کینبرا میں شِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے ذریعے مشترکہ مفادات کو اجاگر کرنا اور اس کے بنیادی اصولوں کو آگے بڑھانا نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے بھی اہم ہے۔
ڈرائیزڈیل نے کہا کہ اپیک جیسے کسی بھی مشترکہ اجتماعی اقدام کو برادرانہ احساس، مشترکہ مفادات کے شعور اور باہمی وابستگی کے جذبے کے بغیر استوار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپیک بین الاقوامی سیاسی معیشت میں ایک استحکام بخش قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپیک ایسے اصول فراہم کرتا ہے جو آج دنیا کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال میں کمی اور زیادہ یقین پیدا کرتا ہے۔
ڈرائیزڈیل نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی لانے کے لئے ضروری ہے کہ آج خود کو درپیش اقتصادی اور سیاسی مسائل پر باہمی تعاون کے ذریعے اعتماد کو فروغ دیا جائے۔

چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شین زین کی یان تیان بندرگاہ پر ایک تجارتی مال بردار بحری جہاز لنگر انداز ہو رہا ہے۔(شِنہوا)
ڈرائیزڈیل نے ایشیا اور بحرالکاہل میں تعاون آسان بنانے میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشیا بحرالکاہل برادری موجودہ حالات میں مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ عالمی سطح پر اس خطے کے بڑھتے ہوئے کردار کی وجہ چین کی جدیدکاری اور صنعتی ترقی میں کامیابیاں ہیں۔
چین کے متعدد دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈرائیزڈیل نے کہا کہ چین میں آنے والی تبدیلیاں غیر معمولی ہیں تاہم ایک چیز جو تبدیل نہیں ہوئی وہ باہمی تعاون کا جذبہ ہے۔
عالمی امور میں چین کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈرائیزڈیل نے کہا کہ اپیک کے 33ویں اقتصادی رہنماؤں کا اجلاس ایک ایسا اہم موقع ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہیں۔ ایشیا اور بحرالکاہل کا خطہ کھلے پن کا ایک مضبوط مرکز بن چکا ہے۔






















