چین کی معیشت نے اکتوبر کے دوران استحکام اور بہتری کا رجحان برقرار رکھا، جبکہ ترقی کے نئے محرکات میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کی معیشت نے اکتوبر کے دوران استحکام اور بہتری کا رجحان برقرار رکھا، جبکہ ترقی کے نئے محرکات میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی۔ یہ اعداد و شمار کھپت، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ہائی فریکوئنسی ڈیٹا کی بنیاد پر جاری کئے گئے۔
قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے ماتحت ریاستی اطلاعات مرکز کے مطابق آف لائن کھپت سے متعلق بڑے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکتوبر میں صارفین کی جانب سے خریداری اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا۔
مرکز کے بڑے اعداد و شمار کی ترقی کے شعبے کے ایسوسی ایٹ محقق گینگ دے وی نے کہا کہ کھپت کو فروغ دینے کے لئے متعارف کرائی گئی مختلف پالیسیوں کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں جس سے صارفین کی مارکیٹ کی مستحکم ترقی میں مدد مل رہی ہے۔
گینگ نے کہا کہ ’’لباس، خوراک، رہائش، نقل و حمل اور سیاحت کے شعبوں میں خدمات کے استعمال میں بیک وقت بہتری آئی ہے جبکہ کھپت کے متنوع مواقع کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔‘‘
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں چین کی بڑی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے مال بردار جہازوں کی وزن اٹھانے کی مجموعی صلاحیت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 59.1 فیصد اضافہ ہوا، جو ستمبر کے مقابلے میں 5.9 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔
سرمایہ کاری کے شعبے میں کمپیوٹنگ پاور اور ڈیٹا سے متعلق نئے انفراسٹرکچر منصوبوں کے لئے کامیاب بولیوں کی مجموعی معاہداتی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 45.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مصنوعی ذہانت اور انسان نما روبوٹس جیسے جدید شعبوں میں سرمایہ کاری کے حجم میں 307.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گینگ نے کہا کہ سرمایہ کاری کو مستحکم کرنے کے لئے حکومتی پالیسیوں کے اثرات بتدریج سامنے آ رہے ہیں، مختص کئے گئے فنڈز عملی پیش رفت میں تبدیل ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاری کے ڈھانچے کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔






















