چین کے صوبے ہائی نان کی تعارفی تقریب میں اردن اور چین کا سیاحتی روابط کے فروغ کا عزم

اردن اور چین کے حکام نے ہائی نان کی سیاحت کے فروغ کے لیے سفری تعاون اور سیاحوں کے تبادلے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شنہوا

عمان (شِنہوا) اردن اور چین کے حکام نے عمان میں چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کی سیاحت کے فروغ کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سفری تعاون اور سیاحوں کے تبادلے مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پہاڑوں اور سمندروں کے پار شاہراہِ ریشم کی گونج (ایکوز آف دی سلک روڈ اکراس ماؤنٹینز اینڈ سیز) کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب کا مشترکہ انعقاد عمان میں چینی ثقافتی مرکز اور ہائی نان کے صوبائی محکمہ سیاحت، ثقافت، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور کھیل نے کیا جس میں لگ بھگ 100 مہمانوں نے شرکت کی۔

اردن میں چین کے سفیر گوو وی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دونوں ملکوں کے سربراہانِ مملکت کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد اور سیاحتی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اردن کے وزیر سیاحت و نوادرات عماد حجازین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردن دسمبر میں ہائی نان میں چائنہ انٹرنیشنل ٹریول مارٹ 2026 میں پہلی بار اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرے گا۔ وہ اس موقع پر ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے مملکت کے سیاحتی اور پرکشش مقامات متعارف کرائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلے آسان بنانے کے لیے جنوری 2027میں براہ راست پروازیں شروع ہونے کی توقع ہے۔

تقریب میں ہائی نان کے 10 منفرد سیاحتی مقامات کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا جن میں اس کے ساحلی مناظر اور سرفنگ کی سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ صوبے کا دورہ کرنے والے اردن کے ٹریول ایجنٹس نے تقریب کے شرکاء کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔

یہ سرگرمیاں 2027میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کی تقریبات سے قبل منعقد کی جا رہی ہیں۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں