ڈنمارک کے کاروباری رہنماؤں اور سابق سفارت کاروں نے چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کو اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کے طور پر دیکھا، خاص طور پر ہوا سے بجلی، ادویہ سازی اور ماحول دوست جہاز رانی میں۔
چین کا 15واں پانچ سالہ منصوبہ نئے مواقع لائے گا، ڈینش کاروباری رہنما اور سابق سفارت کار پر امید
کوپن ہیگن (شِنہوا) ڈنمارک کے کاروباری رہنماؤں اور سابق سفارت کاروں نے کہا ہے کہ چین کا 15واں پانچ سالہ منصوبہ ڈنمارک اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے، خصوصاً ہوا سے بجلی پیدا کرنے، ادویہ سازی اور ماحول دوست جہاز رانی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات روشن ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈنمارک کے شہر کلامپنبورگ میں چین کے تازہ ترین پانچ سالہ منصوبے اور چین ڈنمارک تعلقات کے موضوع پر ہونے والے مذاکروں کے دوران کیا گیا۔
چین میں ڈنمارک کے سابق سفیر فریس آرنے پیٹرسن نے کہا کہ اس منصوبے میں صنعتوں کے وسیع شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں دونوں ممالک سازگار پالیسی حالات کی صورت میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔
پیٹرسن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں پیش رفت کے ذریعے چین کی نئی معیاری پیداواری قوتوں کو فروغ دینے کی کوششیں صنعت، زراعت، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کی سمت متعین کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ادویہ سازی کو ایک اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کی کمپنیاں چینی شراکت داروں کے ساتھ تحقیق، ادویات کی تیاری اور فروخت کے شعبوں میں تعاون کر سکتی ہیں۔
ڈنمارک کے سابق سفارت کار اور ایشیا ہاؤس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اووے اولروپ نے کہا کہ ماحول دوست ترقی کے حوالے سے چین کے اہداف ڈنمارک کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں ممالک نے 2008 میں جامع تزویراتی شراکت داری قائم کی تھی جبکہ 2023 میں مشترکہ ماحول دوست پروگرام بھی شروع کیا گیا۔

ڈنمارک کے شہر کلامپنبورگ میں چین ڈنمارک تعلقات کے موضوع پر ہونے والے مذاکرے کے دوران شرکاء گفتگو سن رہے ہیں۔(شِنہوا)
ڈنمارک کی صنعتی کنفیڈریشن میں جغرافیائی سیاسی امور کے سربراہ پیٹر ڈیگے تھیگسن نے کہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے، بجلی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ڈنمارک کی مہارت چین کی ترجیحات سے مطابقت رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ حیاتیاتی علوم، غذائی پیداوار اور ماحول دوست جہاز رانی کے شعبوں میں بھی تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
تھیگسن نے کہا کہ کنفیڈریشن کے ارکان کے درمیان کئے گئے ایک سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ ڈنمارک کی کمپنیاں اہم اور حساس شعبوں میں انحصار کم کرنے کے ساتھ چین سے تجارتی روابط برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
ڈنمارک چائنہ بزنس فورم کے سیکرٹری جنرل ہانس ہینرک پونٹوپیڈن نے کہا کہ ڈنمارک کی کمپنیوں کو بالخصوص شعبہ صحت میں تحقیق اور ترقی کے لئے چینی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے نئے طریقوں پر غور کرنا چاہیے۔
ڈنمارک میں چین کے سفیر وانگ شوئے فینگ نے کہا کہ چین کے پانچ سالہ منصوبے میں سائنس و ٹیکنالوجی میں پیش رفت، ماحول دوست ترقی اور معیشت کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس سے ڈنمارک اور دیگر شراکت دار ممالک کے لئے تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
اس تقریب کا مشترکہ اہتمام ڈنمارک میں چینی سفارت خانے، ڈنمارک چائنہ بزنس فورم اور ایشیا ہاؤس نے کیا تھا۔






















