ملک کا پورا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے عوامی رائے تسلیم کریں گے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نظام ری سیٹ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبوں کے معاملے پر عوام کی رائے قبول ہوگی۔ سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

لارڈمیڈیا
ملک کا پورا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے عوامی رائے تسلیم کریں گے، محسن نقوی

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا پورا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے اور صوبوں کے معاملے پر عوام کی رائے کو قبول کیا جائے گا۔ انہوں نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے دفتر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بات کی جاتی ہے، اس لیے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانا چاہیے اور عوام کی جو بھی رائے ہوگی اسے تسلیم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مختلف سروے ظاہر کرتے ہیں کہ اکثریت نئے صوبے بننے کے حق میں ہے۔ انہوں نے نظام کی بہتری کے لیے عزم ظاہر کیا اور کہا کہ اس معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو ایک ہی پیج پر ہیں۔

اسلام آباد کی زمینوں پر قبضے کے معاملات پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ دارالحکومت کی زمینوں پر بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں اور غیر قانونی نوٹسز پانچ سے چھ افراد کو جاری کیے گئے ہیں۔ کرپشن کے حوالے سے انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور اس ناسور پر قابو پانا ہوگا۔

قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کے فیصلوں پر محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں گے اور عوام کی رائے کو ملکی حالات بہتر بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ چھ بچیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا گیا ہے اور حکومت کی طرف سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ سائبر کرائم سے متعلق شکایات کو جلد آن لائن کیا جا رہا ہے اور شکایات کو نادرا کی پاک آئی ڈی کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں