وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی قسم کے رابطوں کی تردید کردی ہے۔ کہا حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطوں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی رابطے نہیں ہو رہے، نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل دی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔
طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بیک ڈور رابطوں کی باتیں محض خواہشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنے معاملات کے حل کے لیے عدالتوں سے ہی رجوع کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور رابطوں کا معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے خبروں میں ہے۔ اکتوبر کے آغاز میں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع ہوا تھا تاہم بعض معاملات پر اختلافات کے باعث بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔
بعد ازاں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت کے پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں سے آف دی ریکارڈ رابطے ہیں، تاہم انہوں نے رابطے میں رہنے والے رہنماؤں کے نام بتانے سے گریز کیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی ستمبر میں واضح کرچکے ہیں کہ پارٹی کے حکومت کے ساتھ باضابطہ مذاکرات یا بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے۔ اب ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کسی بھی قسم کے رابطوں، ڈیل یا ڈھیل کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔




















