وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے موسمیاتی تبدیلی کے وعدے پورے کرنے کی اپیل کی ہے، پاکستان نے سیلاب سے شدید نقصان اٹھایا۔
انطالیہ (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 31 کے اعلیٰ سطح اجلاس میں عالمی برادری پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2022 میں شدید سیلاب کا سامنا کیا جس سے ملک کا ایک تہائی حصہ متاثر ہوا اور 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ وزیراعظم نے ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جو ان مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ دار ہے مگر موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے اور عالمی برادری سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنے کی اپیل کی۔
کلین انرجی کی جانب منتقلی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سولر منصوبوں کے ذریعے سستی بجلی حاصل کی ہے اور ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک نئی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب 30 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے لیکن مناسب فنانسنگ کے بغیر یہ اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔




















