ہانگ کانگ حکومت وانگ فوک کورٹ آتشزدگی جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے اصلاحاتی اقدامات تیز کرے گی۔
ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے حکومت کے تمام محکموں اور بیوروز پر زور دیا ہے کہ وہ وانگ فوک کورٹ میں ہلاکت خیز آتشزدگی جیسے واقعات دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لئے اصلاحاتی اقدامات تیز کریں۔
جان لی نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں حکومتی عہدیداروں نے انہیں انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ہانگ کانگ کی حکومت کی پیش رفت اور تائی پو کے علاقے میں واقع وانگ فوک کورٹ میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق آزاد کمیٹی کی رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔
جان لی نے 12 دسمبر 2025 کو ایک آزاد کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ 26 نومبر 2025 کو پیش آنے والی مہلک آتشزدگی کے بعد کیا گیا تھا، جس کا مقصد واقعے کی وجوہات اور متعلقہ معاملات کا جائزہ لینا، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سفارشات پیش کرنا اور اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرنا تھا۔
جان لی نے کہا کہ آزاد کمیٹی کی رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات مختلف شعبوں کا احاطہ کرتی ہیں، جن میں آگ سے تحفظ، عمارتوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کی نگرانی، عمارتوں کا انتظام اور غیر مسابقتی سرگرمیوں کی روک تھام شامل ہیں۔
جان لی نے زور دیا کہ ہانگ کانگ حکومت کے تمام بیوروز اور محکموں کو قریبی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے مختلف اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنا ہوگا تاکہ عمارتوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے پورے عمل اور اس کے ہر اہم مرحلے کا جامع جائزہ لے کر منظم اصلاحات متعارف کرائی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی نگرانی کے اختیارات کو مزید موثر بنانے اور قانونی ضوابط کو مضبوط کرنے کی بھی ضرورت ہے۔






















