چینی خلا باز مسلسل ایک سال خلا میں قیام کا تجربہ مکمل کریں گے

چینی خلا باز ژو یانگ ژو خلا میں مسلسل ایک سال رہنے کا تجربہ مکمل کریں گے، جو خلا بازوں کی صحت اور بقا کے لئے نئے تقاضے سامنے لائے گا۔

شنہوا

جیو چھوان (شِنہوا) چین کے خلا باز ژو یانگ ژو، جو پہلے ہی خلا میں 6 ماہ گزار چکے ہیں، مزید 6 ماہ تیان گونگ خلائی سٹیشن پر قیام کریں گے تاکہ خلا میں مسلسل ایک سال رہنے کا تجربہ مکمل کر سکیں۔

چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے منگل کے روز بتایا کہ ژو 3 رکنی شین ژو-23 مشن کے کمانڈر ہیں، جسے رواں سال مئی میں خلائی سٹیشن پر بھیجا گیا تھا۔ وہ مدار میں قیام جاری رکھتے ہوئے آنے والے چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ شین ژو-24 مشن میں شامل ہوں گے۔

شین ژو-24 خلائی جہاز، جس میں تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سوار ہوں گے، بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ (بیجنگ کے مقامی وقت) پر چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے روانہ کیا جائے گا۔ مختصر مدت کے مشترکہ خلائی مشن کی تکمیل کے بعد پاکستانی خلا باز شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے شین ژو-23 کے دیگر دونوں خلا بازوں کے ہمراہ زمین پر واپس آئیں گے۔

سی ایم ایس اے کے ترجمان ژانگ جنگ بو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ژو کا ایک سالہ مشن خلا میں خلا بازوں کی صحت، کام اور روزمرہ زندگی کے تحفظ کے موجودہ نظاموں کے لئے نئے تقاضے سامنے لائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی توثیق کا ایک قیمتی موقع بھی فراہم کرے گا، جس سے خلا میں طویل عرصے تک انسانوں کی صحت اور بقا کے لئے درکار سائنسی امور اور حفاظتی ٹیکنالوجیز کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

اس تجربے کے ذریعے خلا میں انسانی جسم کے مطالعے کے لئے ایک نیا نظام قائم کیا جائے گا، مختلف سائنسی شعبوں میں جدید تجربات کئے جائیں گے اور خلائی ماحول میں انسانی جسم کی مطابقت اور تبدیلی کے بنیادی عوامل کا جائزہ لے کر ان سے متعلق سوالات کے جوابات تلاش کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انسانی جسم کے مطالعے کے لئے بڑے اور باریک پیمانے پر معلومات پر مشتمل ایک تحقیقی ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا اور متعدد بنیادی نوعیت کے تحقیقی نتائج حاصل کئے جائیں گے۔

ژانگ نے کہا کہ اس تجربے سے خلا بازوں کی معاونت سے متعلق ٹیکنالوجیز میں عملی تجربات میں بھی مزید اضافہ کیا جائے گا، مدار میں صحت، کام اور روزمرہ زندگی کے تحفظ کے اہم نظاموں کو بہتر بنایا جائے گا اور چین کے خلائی سٹیشن میں خلا بازوں کے طویل قیام کی سہولیات اور صلاحیت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں