لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی بہنوں کی نظر بندی کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو رہا کر دیا گیا۔
لاہور (لارڈ میڈیا) : لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ستمبر میں حراست میں لیا گیا تھا جب تحریک انصاف لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 12 نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا جبکہ علیمہ خان اب تک جیل میں ہیں۔
علیمہ خان کو 20 ستمبر اور عظمیٰ خان و نورین نیازی کو 21 ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کی نظر بندی ابتدائی طور پر 30 دن کے لیے تھی، جس میں 7 اکتوبر کو مزید 30 دن کی توسیع کی گئی۔
جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ دونوں بہنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کے بیان کی روشنی میں دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دونوں خواتین کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے۔





















