امریکا کو مطلوب منشیات کی دنیا کا بادشاہ گرفتار، جھڑپ میں 11 افراد ہلاک

میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطلوب ترین مفرور افراد میں شامل فاؤسٹو اسیدرو میزہ فلوریس کو گرفتار کر لیا۔ جھڑپوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔

لارڈمیڈیا
امریکا کو مطلوب منشیات کی دنیا کا بادشاہ گرفتار، جھڑپ میں 11 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی (لارڈ میڈیا): میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے 10 مطلوب ترین مفرور افراد میں شامل مبینہ منشیات فروش فاؤسٹو اسیدرو میزہ فلوریس عرف ال چاپو اسیدرو کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس دوران ریاست سینالوا کے شہر گواساوے میں ہونے والی شدید جھڑپوں میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق کارروائی کے آغاز پر اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی اور دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا۔

میکسیکو کے وزیر سیکیورٹی عمر گارسیا ہارفوچ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران میکسیکن فوج کے 4 اہلکار اور 7 ایسے افراد ہلاک ہوئے جنہوں نے مبینہ طور پر میزہ فلوریس کی گرفتاری روکنے کی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر گواساوے پر ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ اور ٹرک میں سوار کارٹیل ارکان کے ساتھ جھڑپیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ جمعہ کی رات مقامی وقت کے مطابق کروڈا پارک اسٹیڈیم میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے پر بیس بال میچ کے شائقین میں بھگدڑ مچ گئی۔

میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق خصوصی فوجی دستوں نے خفیہ کارروائی کے ذریعے ہدف تک رسائی حاصل کی اور گرفتاری کے بعد میزہ فلوریس کو میکسیکو سٹی منتقل کر دیا گیا۔

میکسیکو میں امریکی سفیر رونالڈ جانسن نے کہا کہ امریکا اور میکسیکو کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ گرفتاری کے لیے اہم تھی، جبکہ امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچے نے اسے دوطرفہ کوشش کا نتیجہ قرار دیا۔

ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے گرفتاری کو مجرمانہ تنظیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔ حکام کے مطابق میزہ فلوریس کی قیادت میں لوس مازتلایکوس کارٹیل سرگرم تھا، جو 20 سال سے زائد منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں