پنجاب میں تھیٹر پر پابندی نہیں بلکہ اصلاحات کی جا رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں تھیٹر پر پابندی نہیں لگائی جا رہی، بلکہ اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل ثقافت بحال ہو سکے۔

لارڈمیڈیا
پنجاب میں تھیٹر پر پابندی نہیں بلکہ اصلاحات کی جا رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور (لارڈ میڈیا): وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تھیٹر سے متعلق بل پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھیٹر پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جا رہی، بلکہ اس کی اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل ثقافت کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں کہا کہ تھیٹر میں پیش کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ آیا وہ ہماری اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کے مطابق ہیں یا نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے کے لیے مخصوص جگہ بنا دیا گیا ہے، وہ چاہتی ہیں کہ فیملی تھیٹر دوبارہ بحال ہو اور سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ کے دور کا فیملی تھیٹر دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ تھیٹر کے ماحول میں بڑے فنکار کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ تھیٹر میں غیر اخلاقی پرفارمنسز پر بچوں کی موجودگی تشویش کا باعث ہے اور اس سلسلے میں دنیا بھر کے تھیٹرز کے ڈریس کوڈ جیسے قوانین کا نفاذ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھیٹر بل گزشتہ ڈیڑھ سال سے مشاورت کے بعد تیار ہوا ہے اور اس میں پروڈیوسرز، اداکاروں اور فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی رائے شامل ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں 100 فیصد اضافہ کیا ہے اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں فلم سٹی بھی بنائی جا رہی ہے تاکہ فنکاروں کو باعزت روزگار فراہم کیا جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں