چین کا مقامی طور پر تیار کردہ دوسرا بڑا کروز جہاز اپنے پہلے تجارتی سمندری سفر پر روانہ ہوگیا

چین کا دوسرا بڑا مقامی طور پر تیار کردہ کروز جہاز ‘ایڈورا فلورا سٹی’ اپنے پہلے تجارتی سمندری سفر پر روانہ ہوگیا۔

شنہوا

گوانگ ژو (شِنہوا) چین کا مقامی طور پر تیار کردہ دوسرا بڑا کروز بحری جہاز ’’ایڈورا فلورا سٹی‘‘ اپنے پہلے تجارتی سمندری سفر پر روانہ ہوگیا جو کروز سیاحت کے فروغ اور ملکی کھپت میں اضافے کی چین کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

3 ہزار 800 سے زائد مسافروں کو لے کر یہ بحری جہاز چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو سے 6 روز اور 5 راتوں کے سفر پر ہانگ کانگ اور ویتنام کے شہر ہوئے کے لئے روانہ ہوا۔

اس بحری جہاز کی لمبائی 341 میٹر اور مجموعی گنجائش ایک لاکھ 41 ہزار 900 ٹن ہے۔ اس میں 2 ہزار 130 کیبنز موجود ہیں جبکہ یہ بیک وقت 5 ہزار 232 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایڈورا فلورا سٹی کی تعمیر اگست 2022 میں شروع ہوئی تھی۔ چائنہ ٹورازم گروپ کے تحت کام کرنے والی کمپنی ایڈورا کروزز کی جانب سے چلایا جانے والا یہ جہاز 6 نومبر کو چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں کمپنی کے حوالے کیا گیا جبکہ 9 نومبر کو اس نے اپنا پہلا آزمائشی سفر مکمل کیا۔

چائنہ ٹورازم گروپ کی چیئرپرسن شی دائی نے کہا کہ کمپنی کروز آپریشنز کے ذریعے ثقافتی سیاحت کی مربوط مصنوعات اور سفری تجربات کو فروغ دے رہی ہے جس کا مقصد سمندر میں تعطیلات کے لئے ایک نیا معیار قائم کرنا ہے۔

ایڈورا فلورا سٹی اپنے ہم نام سلسلے کے پہلے بحری جہاز اور چین کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ بڑے کروز جہاز ’’ایڈورا میجک سٹی‘‘ کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور بہتر ساخت کے ڈیزائن کا حامل ہے۔ ایڈورا میجک سٹی نے جنوری 2024 میں تجارتی آپریشنز شروع کئے تھے اور اس کے بعد سے اب تک تقریباً 250 سمندری سفر مکمل کر چکا ہے۔

چائنہ ڈیویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی چھیان ہائی شاخ کے نائب ڈائریکٹر ہو ژین یو نے کہا کہ چین کے مقامی طور پر تیار کردہ 2 بڑے کروز جہازوں کی سروس کا آغاز ملک کی کروز صنعت کے لئے ایک نئے دور کی علامت ہے۔

اسٹوری آتھر
دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں