پاکستانی شوبز جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی ڈراموں اور ثقافت کے فروغ پر خصوصی ایوارڈز ملے۔ تقریب لندن میں منعقد ہوئی۔
لندن (لارڈ میڈیا): پاکستانی شوبز کی معروف جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی ڈراموں اور ثقافت کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ یہ اعزازی تقریب ویسٹ منسٹر میں واقع ہاؤسز آف پارلیمنٹ میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی دعوت پر آرٹس پروموٹر عطا حق نے کیا تھا۔ تقریب میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں فنکاروں کو ملکی تفریحی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے اعتراف میں سراہا گیا۔ رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اپنے خطاب میں ایمن خان اور منیب بٹ کی فنون لطیفہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری نژاد افراد کے باہمی روابط کو مستحکم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
اداکار منیب بٹ نے برطانوی پارلیمنٹ میں ملنے والی عزت کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ اس دورے نے انہیں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے سوچنے پر بھی آمادہ کیا ہے۔ ایمن خان نے بھی اس اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خود کو خوش نصیب قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دونوں ممالک کے مداح انہیں بے پناہ پیار دیتے ہیں۔
عطا حق نے تقریب کے موقع پر واضح کیا کہ اس انعقاد کا مقصد ان پاکستانی فنکاروں کی محنت اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے عالمی افق پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری کو ایک نیا مقام دلایا ہے۔





















