اداکارہ ایشا نور کا دین کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان

اداکارہ ایشا نور نے شوبز چھوڑ کر دین کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کے مطالعے نے انہیں نیا راستہ دکھایا۔

لارڈمیڈیا
اداکارہ ایشا نور کا دین کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان

کراچی (لارڈ میڈیا) : پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشا نور نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی دینی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کے ترجمے کے ساتھ مطالعے نے انہیں زندگی کا نیا راستہ فراہم کیا اور اللہ تعالیٰ پر بھروسے نے ایک نئی شروعات کا حوصلہ دیا۔

ایشا نور نے بتایا کہ جب انسان اللہ تعالیٰ سے ہدایت مانگتا ہے تو اسے ضرور راستہ ملتا ہے۔ ان کے خاندان کا مذہب کی طرف رجحان پہلے سے تھا، لیکن ان کی چھوٹی بہن کی ترغیب پر انہوں نے بھی قرآن پڑھنا شروع کیا۔

اداکارہ نے شوبز میں کام کے دوران ہی قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا شروع کردیا تھا۔ اس دوران انہیں محسوس ہوتا تھا کہ اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں اور ان کی زندگی کے مسائل کا جواب دے رہے ہیں۔

ایشا نور نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں، اور انہوں نے محسوس کیا کہ اگر وہ دوسروں کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں تو انہیں موجودہ زندگی اور کام کے شعبے سے ہٹ کر کوئی نیا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے لے کر 18 سال کی عمر تک ایک ہی شعبے سے وابستگی کے بعد اسے چھوڑنا آسان نہیں تھا، لیکن قرآن پاک نے انہیں حوصلہ دیا کہ اگر وہ یہ راستہ چھوڑنے کا حوصلہ کریں گی تو اللہ تعالیٰ ان کے لیے دوسرا راستہ بنا دیں گے۔

ایشا نور نے کہا کہ شوبز چھوڑنے کے بعد اب وہ اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں، جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار فراہم کر رہی ہے۔ وہ ان افراد کو بھی آن لائن کام کرنے کے مواقع فراہم کر رہی ہیں جو گھر بیٹھے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی ان کے فیصلے پر مثبت ردعمل دے رہے ہیں۔ کئی صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور نئی زندگی کے سفر میں کامیابی کی دعا کی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں