شرد کپور نے مالی امداد کے نام پر تماشا بننے کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ افراد نے ویڈیو بنائی اور پیسے واپس لے لیے۔
ممبئی (لارڈ میڈیا): بولی ووڈ کے سینئر اداکار شرد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ افراد نے مالی امداد کا دکھاوا کرتے ہوئے ان کے ہاتھ میں نقد رقم تھما کر ویڈیو بنائی اور پھر وہ رقم واپس لے لی۔ شرد کپور نے ویڈیو پیغام میں اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مجبوری کا تماشہ بنایا جا رہا ہے۔
شرد کپور نے سوشل میڈیا پر کچھ عناصر پر جھوٹی افواہیں پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اداکار کی مالی معاونت کی ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ان سے کوئی بات کرنی ہے یا مدد کرنی ہے تو وہ براہِ راست رابطہ کریں۔
ان کی قریبی دوست ہیما چوہدری نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں اداکار کی حالت پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شرد کپور کی طبیعت خراب ہے جس کی وجہ سے وہ زیادہ دیر تک بات نہیں کر سکتے۔ ہیما نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی گئی تھی، لیکن کسی نے عملی طور پر مدد نہیں کی۔
ہیما کے مطابق، بعض لوگ شرد کپور کو کھانے پر لے گئے اور نقد رقم دے کر ویڈیو بنائی، بعد میں وہ رقم واپس لے لی۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اداکار کی بیماری کو تشہیر کا ذریعہ نہ بنائیں۔
شرد کپور نے حال ہی میں فلمی صنعت کے ساتھیوں اور سینئر اداکاروں سے مدد کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ مالی مسائل پر قابو پا سکیں۔ 2024 میں ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج ہوا تھا جس کے بعد وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔





















