رابرٹ پیٹنسن نئے جیمز بانڈ بن گئے، لگژری برانڈز میں مقابلہ شروع

رابرٹ پیٹنسن کی جیمز بانڈ میں انٹری نے لگژری برانڈز میں مقابلہ بڑھا دیا۔ نئی فلم 2028 میں ریلیز ہوگی۔

لارڈمیڈیا
رابرٹ پیٹنسن نئے جیمز بانڈ بن گئے، لگژری برانڈز میں مقابلہ شروع

لاس اینجلس (لارڈ میڈیا) ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز جیمز بانڈ میں نئے اداکار رابرٹ پیٹنسن کی انٹری نے مداحوں میں جوش پیدا کردیا ہے، جبکہ دنیا کے بڑے لگژری برانڈز بھی فلم کا حصہ بننے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ گھڑیوں، مہنگی گاڑیوں، ملبوسات اور مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے درمیان 007 کے ساتھ اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنے کے لیے مقابلہ شروع ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جیمز بانڈ کی نئی فلم میں رابرٹ پیٹنسن مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس اعلان کے بعد فیشن اور اشتہارات کی دنیا میں بھی نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کون سے برانڈز اس بار مشہور خفیہ ایجنٹ کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

جیمز بانڈ کا کردار چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلمی دنیا کا حصہ ہے اور اسے دنیا کے مؤثر ترین تجارتی کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فلمی تشہیر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جیمز بانڈ کا کردار محض کہانی سے نہیں بلکہ اس کے لباس، استعمال ہونے والی اشیا اور انداز سے پہچانا جاتا ہے۔

رابرٹ پیٹنسن کی مقبولیت مردوں اور خواتین کے ساتھ مختلف عمر کے شائقین میں بھی پائی جاتی ہے، جس کی وجہ ٹوائی لائٹ اور بیٹ مین جیسی فلموں میں ان کی اداکاری ہے۔ فیشن کی دنیا میں ان کی مضبوط پہچان کو بھی برانڈز کے لیے ایک بڑا موقع سمجھا جا رہا ہے۔

نئی فلم میں سب سے زیادہ دلچسپی گھڑیوں کے برانڈز کے درمیان مقابلے کو لے کر ہے۔ رابرٹ پیٹنسن پہلے ہی رواں برس ستمبر میں سوئس لگژری واچ برانڈ جگر لیکولٹرے کے عالمی سفیر بنے ہیں، جس کے باعث یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ نئی فلم میں ان کی کلائی پر کون سی کمپنی کی گھڑی نظر آئے گی۔

فلم میں جیمز بانڈ کے لباس کے لیے بھی بڑے فیشن برانڈز کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔ رابرٹ پیٹنسن 2013 سے فرانسیسی فیشن برانڈ ڈائیور کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔

جیمز بانڈ کی فلموں میں مہنگی اور جدید گاڑیاں بھی ہمیشہ خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ برطانوی کمپنی آسٹن مارٹن کی گاڑیاں تقریباً ایک درجن بانڈ فلموں میں دکھائی جا چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جیمز بانڈ کی نئی فلم 2028 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے، جو گزشتہ فلم کے سات سال کے وقفے کے بعد ہوگی۔ اس فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلنیو کریں گے، جبکہ یہ ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے تحت بننے والی جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رابرٹ پیٹنسن اور ہدایت کار ڈینس ویلنیو دونوں نسبتاً سادہ اور منفرد انداز کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ نئی فلم میں مصنوعات کی تشہیر پہلے کے مقابلے میں کم نمایاں رکھی جائے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں