صبا قمر نے دسمبر میں شادی کی افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام میں مصروف ہیں۔
کراچی (لارڈ میڈیا): معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنی شادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر صبا قمر کی دسمبر میں شادی کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ تاہم اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام کی وجہ سے اتنی مصروف ہیں کہ گھر جا کر نیند پوری کرنے کا بھی وقت نہیں مل رہا۔
صبا قمر نے انسٹاگرام پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ کون افواہیں پھیلا رہا ہے کہ میری دسمبر میں شادی ہو رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ان کی شادی ہو رہی ہے تو انہیں بھی دعوت نامہ بھیجا جائے کیونکہ انہیں ابھی تک شادی کا دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔
اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے ان افواہوں کو مذاق قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ ان کا فی الحال شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔





















