بھارت کے شہر سونی پت میں دولہا گاڑی کی فرمایش پوری نہ ہونے پر شادی چھوڑ کر چلا گیا۔ دلہن کے والد نے دولہا اور اہلخانہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ہریانہ (لارڈ میڈیا): بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت میں شادی کی تقریب اس وقت افسوسناک صورتحال اختیار کرگئی جب دولہا گاڑی کی فرمائش پوری نہ ہونے پر شادی کی رسومات مکمل کیے بغیر ہی واپس چلا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 20 نومبر کو سونی پت کے علاقے مام چند واٹیکا میں پیش آیا، جہاں دلہن کے والد سبھاش کمار نے الزام لگایا کہ دولہا کلدیپ نے ہونڈائی اورا کے بجائے تقریباً 13 لاکھ روپے کی ماروتی بریزا گاڑی کا مطالبہ کیا۔
دلہن کے والد کے مطابق انہوں نے پہلے ہی ساڑھے 9 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بک کروا رکھی تھی، مگر دولہا نے بریزا گاڑی کا مطالبہ کیا۔ وقت کی کمی کے باعث نئی گاڑی فراہم نہ ہوسکی۔ سبھاش کمار نے یہ بھی کہا کہ دولہا اور اس کے اہلخانہ نے زیورات کا مطالبہ بھی کیا، جن میں دولہا کے لیے سونے کی چین اور والدہ کے لیے سونے کی بالیاں شامل تھیں۔
شکایت کے مطابق شادی کے روز دولہا بارات کے ساتھ آنے کے بجائے اپنی والدہ کے ہمراہ تقریب کے مقام پر پہنچا اور بریزا گاڑی کے بارے میں دریافت کیا۔ گاڑی موجود نہ ہونے پر دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ دلہن کے والد نے الزام لگایا کہ دولہا نے بدتمیزی کی اور دلہن کے بھائی سے بھی جھگڑا کیا۔ رشتہ داروں کی منت سماجت کے باوجود دولہا اور اس کی والدہ واپس چلے گئے۔
دلہن شادی کے لباس میں منڈپ پر دولہے کی منتظر رہی لیکن دولہا واپس نہ آیا۔ واقعے کے بعد دونوں خاندانوں نے پولیس کو اطلاع دی جبکہ دلہن کے والد نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروا کر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔





















