پاکستان معدنیات کی پراسیسنگ پر توجہ دے رہا ہے، اسحاق ڈار

پاکستان معدنیات کی پراسیسنگ پر توجہ دے رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے منرلز انویسٹمنٹ فورم میں معدنی وسائل کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور دیگر امور پر زور دیا۔

لارڈمیڈیا
پاکستان معدنیات کی پراسیسنگ پر توجہ دے رہا ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے ان کی ملک میں پراسیسنگ، ریفائننگ، اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس مقصد کے لیے کان کنی، ٹیکنالوجی، توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ معدنی وسائل کی ترقی معیشت کے اگلے مرحلے کے لیے اہم ہے، جس سے برآمدات میں تنوع، صنعتی بنیاد مضبوط بنانے، طویل مدتی سرمایہ کاری لانے اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معدنی وسائل کی ترقی میں صوبوں کی شراکت ناگزیر ہے اور وفاقی حکومت قومی سطح پر رابطہ کاری، سرمایہ کاری میں سہولت، پالیسیوں میں ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے ریکوڈک تانبے اور سونے کے منصوبے کو پاکستان کی معدنی صلاحیت کی اہم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں عالمی کمپنی بیرک گولڈ، پاکستان کے وفاقی سرکاری ادارے اور بلوچستان حکومت شراکت دار ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کان کنی کے جدید شعبے کے لیے پاکستانی جامعات، تکنیکی اداروں اور عالمی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری ضروری ہے تاکہ ماہرین کی تربیت کی جا سکے۔

فورم کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس میں 60 سے زائد ممالک کی شرکت پاکستان کے معدنی وسائل میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی اور اس شعبے میں طویل مدتی شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مقصد معدنی وسائل کو ذمہ داری سے ترقی دینا، صنعتی بنیاد مضبوط کرنا، برآمدات میں تنوع لانا، صوبوں اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانا اور عالمی معدنی معیشت میں ملک کو ایک مسابقتی اور قابل اعتماد شراکت دار بنانا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں