عمران خان کی وکلا سے ملاقاتیں 28ویں آئینی ترمیم اور گورنر راج سے جڑی ہیں، سعد رفیق

سعد رفیق نے عمران خان کی وکلا سے ملاقاتوں کو آئینی ترمیم سے جوڑا ہے اور سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنے کی تجویز دی ہے۔

لارڈمیڈیا
عمران خان کی وکلا سے ملاقاتیں 28ویں آئینی ترمیم اور گورنر راج سے جڑی ہیں، سعد رفیق

لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں وکلا سے ہونے والی ملاقاتیں اٹھائیسویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے جڑی ہیں۔ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کی وکلا سے ملاقاتیں مثبت قدم ہیں اور ان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ آئینی ترمیم سے ہو سکتا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ممکن ہے سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے راضی نہ ہونے کے بعد عمران خان کے سامنے یہ تجویز پیش کی جا رہی ہو تاکہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی حکومت سے تعاون کے بدلے گورنر راج کے خاتمے کی تجویز دی گئی ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا اکٹھے ہونا ضروری ہے۔ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اور پیپلز پارٹی کو الگ تھلگ کر کے اقدامات سے پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔

سعد رفیق نے تجویز دی کہ تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو آزادانہ ماحول میں بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنا چاہیے کیونکہ مستقبل کی کوئی بھی پارلیمنٹ ان ترامیم کا خاتمہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے سیاسی قوتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو دباؤ سے آزاد ہو کر مستقبل کے خدوخال تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں