لاہور میں سموگ کے باعث سکولوں میں طلبہ کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شہری حکومت سے عملی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔
لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں سموگ کی شدت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سرکاری و نجی سکولوں کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے طلبہ کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ اتھارٹی نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لئے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرائیں۔
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے طلبہ کو زیادہ پانی پینے کی تلقین کی ہے اور سکولوں میں سموگ سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے سموگ کے خلاف عملی اقدامات نہیں کیے جبکہ ماہرین نے مصنوعی بارش کی تجویز پیش کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی تجربات غیر سائنسی ہیں اور حکومت کو شہر میں ٹریفک کی کمی، شجرکاری اور گرین ایریاز کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے ٹریفک بہاؤ میں کمی اور پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافے کی تجاویز بھی دی ہیں۔




















