محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب کے بعض علاقوں اور شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جو 12 نومبر کو شدت اختیار کر سکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک موجود رہے گا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے جبکہ شمالی بلوچستان میں بھی بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں، بشمول کراچی، میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔




















