چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی ڈوم تنصیب کو وزیراعظم نے پاک چین دوستی کی علامت قرار دیا۔ منصوبہ پاکستان کو سستی بجلی فراہم کرے گا۔
میانوالی (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی علامت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خودکفیل بنانے کے لئے ہمیں اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ C-5 کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت سے یہ اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے فعال ہو جائے گا۔
وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کہا کہ پاکستان کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ توانائی کے ایسے حل اختیار کرے جو ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ-5 پاکستان اور چین کی دوستی کی علامت بنے گا۔
تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔




















