امریکا نے دبئی کی 16 کمپنیوں سمیت 22 اداروں اور 8 افراد پر ایران سے روابط کے الزام میں پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے دبئی کی 16 کمپنیوں سمیت 22 اداروں اور 8 افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ادارے ایران کو بین الاقوامی مالیاتی پابندیوں کے باوجود تجارت اور مالی لین دین میں مدد فراہم کرتے رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے 23 نومبر کے اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی ‘آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ’ کے تحت کی گئی ہے جس کا مقصد ایران کے بین الاقوامی مالیاتی روابط کو محدود کرنا ہے۔ پابندیوں کی فہرست میں دبئی کی 16، ایران کی 4، جبکہ ترکیہ اور ہانگ کانگ کی ایک ایک کمپنی شامل ہے۔
پابندیوں کا نشانہ بننے والی دبئی کی کمپنیوں میں انٹیگرل پیٹرو انرجی ٹریڈنگ، گرینڈ ٹارگٹ ہیوی ایکوپمنٹ اینڈ مشینری اسپیئر پارٹس ٹریڈنگ، عالم الصحرا بلڈنگ میٹریلز ٹریڈنگ، میتھالے را میٹریلز ٹریڈنگ، روبسٹ ٹریڈنگ، برکلے ٹریڈنگ اور نورڈک انٹرنیشنل ٹریڈنگ شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے بعض کمپنیوں پر ایرانی مالیاتی اداروں، تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تجارت اور دھاتوں کے شعبے سے وابستہ اداروں کے لیے مالی لین دین میں معاونت کا الزام عائد کیا ہے۔ فن سین نے جنوری 2025 سے اگست 2026 تک 14 ارب 70 کروڑ ڈالر کے مشتبہ مالی لین دین کی نشاندہی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ ایرانی مالیاتی نیٹ ورک کے روابط متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور سنگاپور تک پھیلے ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران کے ان مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
پابندیوں کے تحت نامزد افراد اور کمپنیوں کے امریکی دائرہ اختیار میں موجود اثاثے منجمد ہوں گے، جبکہ امریکی افراد اور اداروں کو ان کے ساتھ مالی لین دین کی اجازت نہیں ہوگی۔ بعض معاملات میں ان کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کرنے والے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔





















