آکلینڈ میں نیوزی لینڈ چین مصنوعات نمائش 2026 کا آغاز ہوا، جس میں ماحول دوست توانائی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبے نمایاں ہیں۔
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں جمعہ کے روز نیوزی لینڈ چین مصنوعات نمائش 2026 کا آغاز ہوا جس میں ماحول دوست توانائی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت جیسے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہم شعبوں کو نمایاں کیا گیا۔
یہ تین روزہ نمائش چین کی وزارت تجارت کے ماتحت ٹریڈ ڈویلپمنٹ بیورو اور چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ گوانگ ڈونگ کمیٹی کے مشترکہ اہتمام سے منعقد ہوئی۔ نمائش میں جن 13 صنعتوں کی مصنوعات پیش کی گئیں اُن میں خوراک، مشروبات، ٹیکسٹائل، ملبوسات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، شمسی توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے کانظام، ثقافت، سیاحت، ای کامرس اور روایتی فنون کے نمونےشامل ہیں۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل زینگ ہواچھینگ نے کہا کہ چین کی وسیع ہوتی ہوئی بڑی منڈی اور صارفین کے بدلتے ہوئے رجحانات نے نیوزی لینڈ کی معیاری اشیا اور خدمات کے لئے چینی منڈی میں داخلے کے اہم مواقع پیدا کئے ہیں۔
زینگ نے مزید کہا کہ چین کئی برسوں سے نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا ہے۔
نمائش کے موقع پر چین کو برآمدات کے حوالے سے ایک نشست اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ کے لئے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔
آکلینڈ، نیوزی لینڈ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ





















