بیونسے نے گریمی ایوارڈز میں 100 نامزدگیاں حاصل کر کے موسیقی کی تاریخ میں منفرد مقام حاصل کرلیا ہے۔ وہ مجموعی طور پر 35 گریمی ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔
لاس اینجلس (لارڈ میڈیا) امریکی گلوکارہ بیونسے نے موسیقی کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، وہ گریمی ایوارڈز میں 100 نامزدگیاں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی فنکارہ بن گئی ہیں۔ رواں برس انہیں اپنے گانے ‘مارننگ ڈیو (ڈونک)’ پر بہترین آر اینڈ بی سولو پرفارمنس کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ ان کے کیریئر کی 100 ویں گریمی نامزدگی ہے، جس سے انہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
2024 میں بیونسے گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فنکارہ بن گئی تھیں، یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے انہوں نے اپنے شوہر جے زی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
گریمی ایوارڈز میں بیونسے کی کامیابی صرف نامزدگیوں تک محدود نہیں، بلکہ انہوں نے مجموعی طور پر 35 گریمی ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں، جس سے وہ اس تقریب کی تاریخ کی کامیاب ترین فنکارہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے 2023 میں سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، جبکہ 2025 میں اپنے البم ‘کاؤ بوائے کارٹر’ کے لیے پہلی مرتبہ بہترین البم آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
گریمی ایوارڈز کی 69 ویں تقریب 7 فروری 2027 کو لاس اینجلس کے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہوگی، جہاں بیونسے کو اپنی 100 ویں نامزدگی کو ایوارڈ میں تبدیل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔





















