چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے اور دیہی و شہری علاقوں میں اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر زور دیا۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے جمعرات کو سماجی تحفظ کے اصلاحات کو مزید گہرا کرنے اور ایک ایسے کثیر سطحی سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا جو دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں پوری آبادی کا احاطہ کرتا ہو اور جو منصفانہ، مربوط، محفوظ، اچھے طریقے سے منظم اور پائیدار ہو۔
لی نے یہ بات کثیر سطحی سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے اور سماجی تحفظ کے حفاظتی نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے ریاستی کونسل کے ایک مطالعاتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
لی نے کہا کہ چین نے بنیادی طور پر دنیا کا سب سے بڑا اور مکمل طور پر فعال سماجی تحفظ کا نظام قائم کر لیا ہے۔ تاہم آبادی کے ڈھانچے میں تبدیلیوں، تکنیکی ترقی اور روزگار کی متنوع شکلوں نے سماجی تحفظ کے نظام کی ترقی کے لئے نئے اور پہلے سے زیادہ تقاضے پیدا کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنی زمینی حقیقتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ممکنہ اقدامات اور دستیاب وسائل کے درمیان توازن قائم کرنا ہوگا اور معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی تحفظ کی سہولیات اور معیار کو بتدریج بہتر بنانا ہوگا۔
لی نے حکومت، آجروں، افراد اور معاشرے کی ذمہ داریوں کو واضح کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ تمام فریق اپنی ذمہ داریاں مناسب طور پر بانٹ سکیں اور باہمی تعاون پر مبنی ایک طویل مدتی نظام تشکیل دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ضروریات پوری کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس نظام میں سہولیات کی متنوع اقسام بھی شامل ہونی چاہئیں تاکہ عوام کی مختلف سطحوں اور نوعیت کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔





















