پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، نوجوان بھی متاثر۔ ماہرین نے بروقت تشخیص اور متوازن خوراک کی اہمیت پر زور دیا۔
کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس میں نوجوان بھی شامل ہیں۔ ملک میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد اس مرض کا شکار ہیں، جبکہ 93 لاکھ افراد ابھی تک تشخیص نہیں ہو سکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک یہ تعداد 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی ماہرین نے کراچی میں منعقدہ نشست میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر اسماء احمد نے کہا کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو اب نوجوانوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مرض کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر بروقت طبی معائنہ کرانا چاہیے۔
ڈاکٹر فرید احمد شیخ نے کہا کہ ذیابیطس خون کی روانی اور اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہے، جس سے زخم کی سنگینی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے مریضوں کو پاؤں کے باقاعدہ معائنے کا مشورہ دیا۔
ماہر غذائیت فرح سید نے کہا کہ ذیابیطس کی تشخیص کے بعد متوازن خوراک اور روزمرہ زندگی میں غذائی تبدیلیاں اپنانا ضروری ہے۔ ماہرین نے ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے مربوط طبی نگہداشت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




















