الیکشن کمیشن نے 160 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری کی ہے۔ متعدد جماعتوں کے سربراہان کے نام حذف کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا): الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے جس میں 160 جماعتیں شامل ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کا نام جماعت کی فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کو پارٹی الیکشن کرانے کے لیے اکتوبر تک مہلت دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان سنی تحریک بھی بغیر پارٹی سربراہ کے نام کے رجسٹرڈ ہیں۔ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کا نام بھی ہٹا دیا گیا ہے جبکہ انٹرا پارٹی الیکشن اور آئین میں ترمیم کا کیس زیر التوا ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کو بھی رجسٹرڈ جماعتوں میں شامل کیا گیا ہے لیکن ان کے سربراہ کا نام فہرست سے خارج ہے۔ عوام پاکستان کا نام دوبارہ شامل کیا گیا ہے جبکہ پارٹی سربراہ کا نام حذف کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عوام پاکستان کو پہلے ڈی لسٹ کر دیا گیا تھا۔




















