پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کلگام واقعے پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے اسے بےبنیاد قرار دیا ہے۔
اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کلگام واقعے پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈا کو مسترد کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر چلنے والا پروپیگنڈا سراسر جھوٹ ہے اور بھارت کی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان پر الزام تراشی بےبنیاد ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ بھارت نے پہلے سوشل میڈیا اور پھر الیکٹرانک میڈیا پر پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائے ہیں۔ کلگام سی آر پی ایف حملے سے متعلق خبریں چلانا بھارتی میڈیا کا پرانا اور فرسودہ ہتھکنڈا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت داخلی انتشار اور سیاسی تفریق سے توجہ ہٹانے کے لئے وہی پرانے میڈیا ہاؤسز اور چہرے استعمال کر رہا ہے اور پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرنے کے لئے اسی پرانے اسکرپٹ اور روایتی ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کلگام مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کے واقعے میں تین بھارتی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔





















