نیویارک بروکلین میں تین منزلہ عمارت زمین بوس، 8 افراد ہلاک

بروکلین میں تین منزلہ عمارت گرنے سے 8 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

لارڈمیڈیا
نیویارک بروکلین میں تین منزلہ عمارت زمین بوس، 8 افراد ہلاک

نیویارک (لارڈ میڈیا): نیویارک کے علاقے بروکلین میں 1930 میں تعمیر کی گئی تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں تین فائر فائٹر بھی شامل ہیں جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

یہ واقعہ بروکلین کے علاقے فلیٹ بش میں پیش آیا جہاں فلیٹ بش ایونیو اور بیڈفورڈ ایونیو کے قریب واقع عمارت شام تقریباً 4 بجے اچانک ایک زیر تعمیر پلاٹ میں جاگری۔ حکام کے مطابق عمارت کے ساتھ خالی پلاٹ پر نئی عمارت کی تعمیر کے لیے کھدائی کا کام جاری تھا۔

نیویارک کے محکمہ عمارت کے کمشنر احمد تیگانی نے بتایا کہ جس وقت عمارت گری، وہاں تعمیراتی کارکن کھدائی میں مصروف تھے۔ ملبہ ساتھ موجود تعمیراتی گڑھے میں جاگرا، جبکہ ایک پڑوسی عمارت کی دیوار بھی منہدم ہوگئی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ عمارت گرنے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تعمیراتی سرگرمیوں کو حادثے کی براہِ راست وجہ قرار نہیں دیا گیا۔

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوراً بعد فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی۔

امدادی کارروائیوں میں تقریباً 250 فائر فائٹرز اور پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اہلکاروں نے بھاری مشینری، دستی آلات، کھوجی کتوں اور ڈرونز کا استعمال کیا، تاہم عمارت کے مزید حصے گرنے کے خدشے کے باعث کارروائی احتیاط سے جاری رکھی گئی۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں