مکاؤ میں سن یات سین کی 160ویں سالگرہ کے موقع پر تصویری نمائش کا افتتاح ہوا، جس میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
مکاؤ (شِنہوا) چین کے مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے میں جمعرات کے روز سن یات سین کی 160ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
اس نمائش میں قوم کے قابل احترام انقلابی رہنماؤں میں سے ایک سن یات سین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے 100 سے زائد تاریخی نوادرات، تصاویر، آڈیو ریکارڈنگز اور دستاویزی فلمیں پیش کی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مکاؤ کے چیف ایگزیکٹو سیم ہو فائی نے کہا کہ مکاؤ اور سن یات سین کے درمیان گہرے اور خصوصی تاریخی تعلقات ہیں۔ مکاؤ ہی وہ مقام ہے جہاں انہوں نے ملک اور عوام کی خدمت کے اپنے مشن کا آغاز کیا تھا۔
سیم نے کہا کہ مکاؤ سن یات سین کی انقلابی جدوجہد کا مرکز بھی رہا ہے، جہاں انہیں مشکل وقت میں پناہ ملی اور یہ مقام ان کے لئے ایک ایسا روحانی گھر بھی تھا جہاں وہ خاندانی محبت اور اپنائیت محسوس کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سن یات سین کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اعلیٰ نصب العین اور جذبے کو آگے بڑھانا اور قومی احیا کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہے۔
نمائش کے پانچ حصوں میں سے ایک حصہ سن یات سین کی مکاؤ کے کیانگ وو ہسپتال میں بطور ڈاکٹر خدمات کے لئے مختص کیا گیا ہے، جہاں وہ مریضوں کا مفت علاج کرتے تھے۔ مکاؤ کے قانون ساز اسمبلی کی رکن اور اسی ہسپتال کی نرس وونگ کٹ چھینگ نے شِنہوا کو بتایا کہ وہ سن یات سین کو اپنا آئیڈیل سمجھتی ہیں اور علاج و معالجے کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کرتی رہیں گی۔
یہ تصویری نمائش 27 نومبر تک جاری رہے گی۔ مکاؤ انتظامیہ نے اس موقع پر دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا ہے، جن میں سیمینارز، خصوصی موضوعات پر شہر کے مطالعاتی دورے اور یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا اجرا شامل ہیں۔





















