لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ کیئر ٹیکر جاں بحق

پنجاب میں شیروں کے حملوں کے بڑھتے واقعات نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ لاہور کے کاہنہ میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ کیئر ٹیکر جاں بحق ہوگیا۔

لارڈمیڈیا
لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ کیئر ٹیکر جاں بحق

لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب میں نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز میں شیروں کے حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی نگرانی اور انفورسمنٹ کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ تازہ واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم پر پیش آیا، جہاں شیرنی کے حملے میں 19 سالہ کیئر ٹیکر طلحہ منیر جاں بحق ہوگیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ طلحہ حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث حملے کا شکار ہوا۔

محکمہ کے مطابق، فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم کے گوشت خور جانوروں پر مشتمل حصے کو عوامی حفاظت کے پیش نظر جنوری 2026 سے سیل کیا جاچکا تھا، لیکن جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے عملے کو داخلے کی اجازت تھی۔ واقعے کے بعد فارم مالکان فیض اور نعمان کو پولیس کی معاونت سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق، نعمان نامی ٹک ٹاکر ویڈیو بنانے کے دوران شیرنی کے حملے کا باعث بنا۔

مختلف واقعات کے باوجود نجی بریڈنگ فارمز میں خطرناک جانوروں کی موجودگی اور ان کے حفاظتی انتظامات پر مؤثر عملدرآمد کے سوالات اٹھتے ہیں۔ جولائی 2025 میں لاہور کے جوہر ٹاؤن میں شیر کے فرار ہونے کا واقعہ ہو یا جنوری 2026 میں بھیکے وال پنڈ میں شیرنی کے حملے کا، یہ واقعات محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب بھر کے بریڈنگ فارمز کا جامع حفاظتی آڈٹ کیا جائے اور خطرناک جانوروں کے پنجروں کی نگرانی مؤثر بنائی جائے۔ عملے کی تربیت لازمی قرار دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے فارم مالکان کے لائسنس معطل کیے جائیں۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں