پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر پر بچوں کو ہراساں کرنے کا الزام، سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے۔ شکایات کے باوجود کارروائی نہ ہو سکی۔
لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر پر بچوں کو ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ فیملی ہاسٹل کے رہائشیوں نے انتظامیہ کو درخواست دی ہے کہ ڈاکٹر جاوید اختر بچوں اور بچیوں کو ہراساں کرتے ہیں۔
شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کے ڈاکٹر جاوید اختر کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں انہیں فیملی ہاسٹل میں ایک بچے کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ویڈیو میں ڈاکٹر جاوید کو 7 سالہ بچے کو روک کر سائیکل پر ٹھڈے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
خاتون درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹر جاوید اختر فیملی ہاسٹل میں بچیوں کو بھی ہراساں کرتے ہیں۔ شکایات کے باوجود ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی نے ابھی تک کوئی سخت کارروائی نہیں کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کے اہم عہدیدار کی سفارش کے باعث کمیٹی ڈاکٹر جاوید کے خلاف ایکشن لینے سے گریزاں ہے۔ اس معاملے پر یونیورسٹی ہاسٹلز کی فیملیز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انتظامیہ کی خاموشی سے عدم اطمینان بڑھ رہا ہے۔




















