کوہاٹ حملہ: وزیراعظم کا 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ حملے میں 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

لارڈمیڈیا
کوہاٹ حملہ: وزیراعظم کا شہداء کو خراج عقیدت

کوہاٹ (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، مگر انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جس جرأت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔ پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں
اہم ترین
قومی خبریں