ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے کمانڈر السعدی نے نیویارک کی جیل سے برطانوی ائیربیس پر حملے کی ہدایات دیں۔ امریکی پراسیکیوٹرز کے الزامات۔
نیویارک (لارڈ میڈیا): امریکی پراسیکیوٹرز کا دعویٰ ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے کمانڈر محمد باقر سعد داؤد السعدی نے بروکلن کی جیل سے برطانیہ میں ائیربیس پر ناکام حملے کی ہدایات دیں۔ السعدی ترکیے سے گرفتار ہوئے اور ان پر امریکا میں یہودی مقامات پر حملے کی سازش کے الزامات ہیں۔
السعدی کو بروکلن کے میٹروپولیٹن ڈیٹنشن سینٹر میں قید رکھا گیا ہے جہاں ان کے رابطے محدود ہیں۔ تاہم انہوں نے موسم گرما میں اپنی والدہ اور بہن سے گفتگو میں خفیہ پیغامات دیے جنہیں ساتھیوں تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ جنوبی انگلینڈ میں امریکی فوجی استعمال میں آنے والی ‘آر اے ایف فیئر فورڈ’ ائیربیس اس سازش کا ہدف تھی۔ السعدی پر نئی فرد جرم میں ایرانی محسن مہاجری اور عراقی محمد علی الحسنی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
امریکی اٹارنی جیمی میکڈونلڈ نے کہا کہ تینوں افراد نے ایران سے وابستہ دہشت گرد تنظیموں کی مہم میں مدد فراہم کی۔ نئے الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور پراکسیوں کے حملوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔




















