جرمنی کے اخبار یونگے ویلٹ کے مدیر نِک براؤنز نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانی صحافت کی جگہ نہیں لے سکتی۔
جرمنی کے روزنامہ ’’یونگے ویلٹ‘‘ کے شریک مدیرِ اعلیٰ نِک براؤنز نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کو ترجمے اور تحقیق کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم یہ انسانی صحافت کی جگہ نہیں لے سکتی۔ انہوں نے یہ بات ساتویں عالمی میڈیا سربراہی اجلاس سے قبل شِنہوا کو دئیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہی۔
ساؤنڈ بائٹ (انگریزی): نک براؤنز، شریک مدیرِ اعلیٰ، روزنامہ ’’یونگے ویلٹ‘‘
’’ہم دیکھ رہے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے بہت سے امکانات موجود ہیں۔ یہ ہمیں ایک دوسرے کے قریب لا سکتی ہے۔
تاہم روزنامہ ’’یونگے ویلٹ‘‘ میں ہمارا ایک اصول ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ یہاں انسان ہی انسانوں کے لئے لکھتے ہیں۔
ہم مصنوعی ذہانت کو ترجمے، تحقیق اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لئے ایک معاون ذریعے کے طور پر استعمال کرتے ہیں لیکن یہ انسانی صحافت کی جگہ نہیں لے سکتی۔ مصنوعی ذہانت سڑکوں پر جا کر محنت کشوں سے ان کے کام کے حالات کے بارے میں بات نہیں کر سکتی۔ مصنوعی ذہانت نہ تو انٹرویو کر سکتی ہے اور نہ ہی سیاست دانوں یا سڑکوں پر موجود عام لوگوں کے بیانات ریکارڈ کر سکتی ہے۔ مصنوعی ذہانت انسانی صحافت کی جگہ کیوں نہیں لے سکتی؟ اس کی بہت سی وجوہات ہیں البتہ یہ انسانی صحافت کے عمل میں معاون ضرور بن سکتی ہے۔
بطور صحافی ہمارے پاس اپنا عملی تجربہ ہے۔ صحافت کا ایک اہم پہلو اعتماد بھی ہے۔ صحافت میں بہت سے ایسے پہلو ہیں جو کوئی بھی ٹیکنالوجی فراہم نہیں کر سکتی۔ لہٰذا مصنوعی ذہانت کو ایک ایسا معاون ذریعہ ہونا چاہئے جس کا کنٹرول ہمارے ہاتھ میں ہو۔ اسے اس سے زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہئے۔‘‘
برلن سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ




















