چین کے تیار کردہ شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرون نے اپنی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ یہ ڈرون ماحول دوست اور توانائی کی بچت کے ساتھ طویل پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چائنہ ایئرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے ماتحت چائنہ اکیڈمی آف ایئرو سپیس ایئروڈائنامکس نے کہا ہے کہ چین کے تیار کردہ چھوٹے اور درمیانی حجم کے شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرون نے گزشتہ روز اپنی پہلی پرواز مکمل کر لی ہے۔
یہ ڈرون صرف شمسی توانائی سے چلنے والا ایک تجارتی درجے کا مکمل برقی طیارہ ہے۔ یہ 3.2 میٹر لمبا ہے، اس کے پروں کا پھیلاؤ 8 میٹر اور اس کی زیادہ سے زیادہ طے شدہ پرواز کی صلاحیت 30 گھنٹے ہے۔
تیار کنندہ ٹیم نے بتایا کہ یہ ڈرون ماحول دوست، توانائی کی بچت، کم لاگت اور بڑے پیمانے پر تیزی سے تیار کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس کے بنیادی فوائد میں پرواز کا طویل وقت، فوری تعیناتی اور آسان دیکھ بھال و معاونت شامل ہیں۔
تیار کنندگان نے مزید بتایا کہ یہ ڈرون چین کی تجارتی منڈی میں چھوٹے اور درمیانے حجم کے ایسے مکمل برقی کم بلندی والے طیاروں کی کمی پوری کرتا ہے جو طویل پرواز، کم لاگت اور وسیع علاقوں میں افعال انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اسے طویل فاصلے تک پائپ لائن اور بڑے آبی ذخائر کے معائنے، اراضی کی پیمائش اور قدرتی وسائل کے سروے، آفت زدہ علاقوں کے فوری جائزے اور وسیع رقبے کی نگرانی کے لئے استعمال میں لائے جانے کی توقع ہے۔





















